ایجل، 28؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )اپوزیشن میزو نیشنل فرنٹ میزورم میں قانون وانتظام کو قائم رکھنے میں کانگریس حکومت کی ناکامی کو اجاگر کرنے اور صوبے میں صدر راج نافذ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے صدر پرنب مکھرجی اور وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھے گی۔سابق وزیر اعلی جورم تھنگا نے کل نامہ نگاروں سے کہا کہ گوہاٹی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اجیت سنگھ نے وزیر اعلی للت نہاو لا کو لکھے خط میں میزورم کے لنگ لئی ضلع میں قانون وانتظام کے پوری طرح پٹری سے اترنے کی طرف اشارہ کیاتھا ۔جورم تھنگا نے کہاکہ جمہوریت میں تینوں ستونوں کو ایک ساتھ کام کرنا چاہیے ۔انہوں نے ساتھ ہی اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ لنگ لئی میں عدالتی نظام نہیں ہے کیونکہ سیکورٹی وجوہات کی وجہ سے گوہاٹی ہائی کورٹ نے پورے عدالتی نظام کو ضلع سے واپس لے لیا۔سابق وزیر اعلی نے کہا کہ جمہوریت میں اگر کوئی ستون کام نہیں کرتا ہے تو ریاست میں صدر راج نافذ کرنا ہی واحد آپشن ہے۔ایم این ایف کے سربراہ نے دعوی کیا کہ اگر ان کی پارٹی کے دور حکومت میں ایسی ہی صورت حال پیدا ہوتی اور کانگریس مرکز میں اقتدار میں ہوتی تو میزورم میں فوری طورپر صدر راج نافذ کر دیا جاتا۔غورطلب ہے کہ لنگ لئی کے جوہنوئی علاقے میں لوگوں کے ایک گروپ نے گذشتہ جمعرات کو ضلع عدالت کی عمارتوں پر پتھروں اور اینٹوں سے حملہ کر دیا اور سول جج کے کی سرکاری رہائش گاہ میں لوٹ پاٹ مچائی تھی ۔اس واقعہ کے بعد اسی دن گوہاٹی ہائی کورٹ نے وہاں موجود تینوں ججوں کو واپس بلا لیاتھا ۔